نئی دہلی: کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسی) کے پولٹ بیورو نے یکم اکتوبر کو کولکاتہ میں پرامن مظاہرین پر پولس کے بے رحمی سے لاٹھی چارج کی سخت مذمت کی، جس میں بایاں محاذ کے 200 لیڈران اور کارکنان زخمی ہوگئے تھے ، جن میں سی پی آئ¸ ایم کی سینٹرل کمیٹی کے ممبر دیپک داس گپتا اور آر ایس پی سوکمار گھوش بھی شامل ہیں۔ملک بھر میں اپنی اکائیوں سے اس لاٹھی چارج کے واقعہ کے خلاف مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے پولٹ بیورو نے کولکاتہ میں خواتین مظاہرین پر لاٹھی چارج کے لئے مرد پولس اہلکاروں کے استعمال کی بھی سخت مذمت کی۔ شہر میں قانون و اتنظام کی بدتر حالت کے خلاف پولس ہیڈ کوارٹر کی طرف نکالے جانے والے مارچ میں بڑی تعداد میں خواتین بھی شامل تھیں۔مارکسی کمیونسٹ پارٹی نے تمام جمہوریت پسند لوگوں سے اپیل کی کہ وہ مغربی بنگال میں جمہوری اقدار کو کچلنے کی کوششوں کے خلاف اپنی آواز اٹھائیں۔