نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے مغربی بنگال میں حکمراں ترنمول کانگریس پر آسنسول، بدھان نگر اور ہاوڑہ کارپوریشن کے انتخابات میں بڑے پیمانے پر ہونے والی دھاندلی اور تشدد پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے ان انتخابات کو منسوخ کرنے کا مطالبہ ہے ۔بی جے پی کے قومی سکریٹری اور مغربی بنگال کے معاون انچارج سدھارتھ ناتھ سنگھ نے آج یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ ہفتہ کو ہونے والے ان انتخابات میں ترنمول کانگریس نے سارے غیر جمہوری طریقے اپنائے ۔ بڑی تعداد میں باہر سے آئے ترنمول کے کارکنوں نے ووٹروں کو ڈرایا دھمکایا اور بوتھوں پر قبضہ کیا۔ بڑے پیمانے پر تشدد ہوا اور آسنسول میں تین لوگ بھی مارے گئے ۔ تقریباً 19 صحافیوں کو بھی مارا پیٹا گیا۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ بی جے پی نے ان انتخابات میں ہونے والے تشدد اور دھاندلی کے خلاف مغربی بنگال الیکشن کمیشن کے باہر دھرنا دیا۔ مغربی بنگال الیکشن کمیشن نے سات اکتوبر کو ہونے والی ووٹوں کی گنتی کا کام غیر معینہ مدت کے لئے روک دیا ہے ۔ انہوں نے کہا، “بی جے پی اس کا استقبال کرتی ہے لیکن ہمارا مطالبہ ہے کہ ان انتخابات کو منسوخ کیا جائے ۔” انہوں نے کہا کہ پارٹی اس بارے میں الیکشن کمیشن اور گورنر سے مل کر انہیں ویڈیو فوٹیج اور پرنٹ میڈیا کی رپورٹ سونپے گی۔انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس نے دھمکی دی ہے کہ ان انتخابات میں ہونے والے تشدد تو ٹریلر ہے اصلی فلم تو 2016 کے اسمبلی انتخابات میں دکھائی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کو جمہوری نظام میں عوام کا اعتماد بڑھانے کے لئے کام کرنا چاہئے ۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ بی جے پی 2016 میں ترنمول کی سیاسی چیلنج کے لئے تیار ہے ۔ترنمول کے اس الزام پر کہ راج بھون بی جے پی کے پارٹی دفتر کی طرح کام کر رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ کسی آئینی عہدے کے خلاف اس طرح کا تبصرہ نہیں کیا جانا چاہئے ۔