مین پوری: اتر پردیش میں مین پوری کے اوچھا علاقے میں انتخابی رنجش کے سلسلے میں صدر سے ممبر اسمبلی راج کمار یادو پر جان لیوا حملہ کیا گیا۔
ممبر اسمبلی اپنی بیوی وندنا یادو کی انتخابی مہم چلاکر گھر واپس آ رہے تھے ۔ بیوی وارڈ نمبر 15 سے ضلع پنچایت رکن کی امیدوار ہے اور ان کا مقابلہ سجان سنگھ یادو سے ہے ۔پولیس کے ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ گھرور کراول¸ روڈ پر نگلا آندھرا کے پاس کل رات اسمبلی راج کمار یادو اپنے حامیوں کے ساتھ واپس آ رہے تھے کہ تبھی سجان سنگھ کے حامیوں نے رکن اسمبلی کی گاڑی پر گولیاں داگنا شروع کر دیں۔اس حملے میں کار ڈرائیور زخمی ہو گیا جبکہ ممبر اسمبلی یادو نے ایک گھر میں گھس کر جان بچائی۔پولیس سپرنٹنڈنٹ راکیش شنکر پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پھنچے اور ممبر اسمبلی کو مکان سے محفوظ نکالا۔ سجان سنگھ کے آدمی مکان کو گھیرے ہوئے تھے ۔ ممبر اسمبلی اور سجان سنگھ کے حامیوں کے درمیان فائرنگ بھی ہوئی۔ سجان سنگھ کے بیٹے سنیل یادو نے بھی تھانہ اوچھا میں ایف آئی آر درج کرائی ہے جس میں رکن اسمبلی اور ان کے حامیوں پر فائرنگ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے ۔ غور طلب ہے کہ مین پوری میں پنچایت انتخابات کے اعلان کے بعد سے ہی انتخابی تشدد کی کئی وارداتیں ہو چکی ہیں۔ پولیس نے اب تک کوئی گرفتاری نہیں کی ہے ۔