لکھنو:شراب کی دکان کے نزدیک دو فریقین میں ہوئی کہا سنی کے دوان ایک نوجوان کو گولی مار دی گئی۔ نوجوان پر فائر ہوتے ہی دکان اور آس پاس کے علاقوں میں افرا تفری مچ گئی۔ دکاندار بھی دکان بند کر کے بھاگ نکلا، مقامی لوگوں نے اطلاع پولیس کو دی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے زخمی نوجوان کو ٹراما سینٹر میں داخل کرایا جہاں اس کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔
ٹھاکر گنج واقع کیمپویل روڈ پر شراب کی ایک دکان ہے جہاں اتوار کو کچھ لوگ بیئر پی رہے تھے وہیں راجہ جی پورم کا رہنے والا منا بھی وہاں پہنچ گیا۔ دکان سے بیئر خریدنے کے بعد منا اپنے ساتھیوں کے ساتھ ایک پلاٹ پر گیا جہاں ان لوگوں نے شراب پینا شروع کر دی۔ نشہ میں بد مست ہونے کے بعد ان لوگوں کے درمیان کسی بات پر کہا سنی ہونے لگی اور نوبت مار پیٹ تک پہنچ گئی۔ اتنے میں منا کے ساتھی نے اس پر فائر کر دیا۔ گولی منا کے سینے میں لگی۔ گولی لگتے ہی منا زمین پر گھر کر بیہوش ہو گیا۔ ملزم واردات کو انجام دینے کے بعد منا کو وہیں چھوڑ کرفرار ہو گئے۔ علاقہ میں گولی چلنے سے افراتفری مچ گئی۔ لوگوں کی بھیڑ موقع پر جمع ہو گئی۔ اطلاع پر پہنچی پولیس نے زخمی کو ٹراما سینٹر پہنچایا جہاں ڈاکٹر اس کی حالت سنگین بتا رہے ہیں۔ وہیں دوسری جانب ایس او ٹھاکر گنج سمر بہادر یادو کا کہنا ہے کہ گولی مارنے والے کا نام معلوم نہیںہو سکا ہے۔ زخمی کے ہوش میں آنے کے بعد ہی صحیح بات کا پتہ چل سکے گا۔