بارہ بنکی:ہائی کورٹ الہٰ آباد کی لکھنوبنچ کے حکم کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے بارہ بنکی پولیس نے الیکشن کے پیش نظر لائسنسی اسلحہ حاملین سے انکے اسلحے جمع کرنے کا کام شروع کر دیا ہے۔ آئندہ ضلع اور مقامی پنچایت انتخابا ت کے سبب ضلع کے سبھی تھانوں سے متعلقہ لائسنسی اسلحہ حاملین کو اپنے اسلحوں کو تھانوں اور اسلحے کی دکان پر جمع کروائے جانے کی ہدایت دی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی پولیس یہ بھی کہہ رہی ہے کہ اسلحہ نہ جمع کرنے کی حالت میں ان کے لائسنس منسوخ کر کے کارروائی کی جائے گی۔ واضح ہو کہ ہائی کورٹ کی لکھنو¿ بنچ کا حکم ہے کہ لائسنس والے اسلحے تحفظ کے نظریہ سے دئے جاتے ہیں لہٰذا جن کا مجرمانہ ریکارڈ نہ ہوان کے اسلحے الیکشن یا دیگر موقع پر نہ جمع کروائے جائیں۔ بارہ بنکی شہر واقع واٹسن گنج ہاوس میں اپنے لائسنسی اسلحے جمع کرانے آئے شہر کوتوالی کے تحت کیواڑ ی کے رہنے والے کملیش کمار ، دیوا تھانے کے سدواڑی گاوں کے رہنے والے رئیس احمد نے بتایاکہ ان کے پاس بارہ بور کی لائسنسی بندوق ہے۔ سلامتی کے تحت انہوں نے یہ اسلحہ رکھا ہے۔
جس کو پولیس نے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ جس سے اب ہم لوگ اپنے کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ پولیس کاکہنا ہے کہ تحفظ کے پیش نظر لائسنسی اسلحوںکو جمع کروایاجا رہا ہے۔