ہرارے: تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے انٹرنیشنل میں زمبابوے نے پاکستان کو میچ اور سیریز جیتنے کیلئے 162 رنز کا ہدف دیا ہے، موتومبامی نے 67 رنز کی اننگز کھیلی، آصف بلال نے تباہ کن بالنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو بیٹنگ کی دعوت دی، میزبان ٹیم کے اوپنرز نے 89 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، پاکستانی بالرز کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب بلال آصف نے چبھابھا کو اپنی ہی گیند پر کیچ آئوٹ کردیا۔ اس کے بعد وکٹیں گرنے کا نا رکنے والاسلسلہ شروع ہوا اور وقفے وقفے سے کھلاڑی پویلین واپس لوٹتے رہے، موتومبامی 67 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ چبھابھا ، موتومبامی اور جونگوے کے سوا کوئی بھی زمبابوین بیٹسمین ڈبل ہندسے میں اسکور نہ کرسکا، یوں زمبابوے کی پوری ٹیم 38 اعشاریہ 5 اووز میں 161 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ آصف بلال نے صرف 25 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عماد وسیم نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔ اظہر علی پیر میں انفیکشن کے باعث نہیں کھیل رہے ، ان کی جگہ سرفراز احمد ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔ زمبابوے نے پاکستان کے خلاف دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت پانچ رنز سے جیت لیا تھا، اس کے ساتھ ہی سیریز بھی برابر ہوگئی تھی اور اب فاتح ٹیم کا فیصلہ تیسرے اور آخری ون ڈے میں ہوگا۔ پہلے ون ڈے میں پاکستان نے 131 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ زمبابوے نے بنگلہ دیش کے علاوہ صف اول کی ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیموں کے خلاف آخری ون ڈے سیریز 14 سال قبل جیتی تھی، جب 2000-2001 میں زمبابوے نے نیوزی لینڈ کو دو ایک سے شکست دی تھی۔ اس کے بعد اس کی زیادہ تر فتوحات بنگلہ دیش، کینیا آئر لینڈ اور چھوٹی ٹیموں کے خلاف رہیں، اب پاکستان کے خلاف اس کے پاس جیت کے لئے سنہری موقع ہے۔ پاکستان نے زمبابوے کے خلاف دس ون ڈے سیریز جیتی ہیں۔ 1995 میں دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی۔ زمبابوے نے پاکستان کے خلاف کبھی ون ڈے سیریز نہیں جیتی ہے۔