لکھنؤ۔ مسلم مجلس اترپردیش کے عاملہ کا ایک اجلاس دفتر واقع تکیہ پیر جلیل قیصرباغ میں ہوا جس کی صدارت صدر محمد ندیم صدیقی ایڈوکیٹ نے کی۔ اجلاس میں سماجوادی پارٹی کے قومی سربراہ ملائم سنگھ یادو کے اس بیان کی سخت لفظوںمیں مذمت کرتے ہوئے مسلم مخالف ذہنیت کا مظہر بتایا گیا جس میں انہوں نے مظفرنگر میں کیمپوں میں رہ رہے پناہ گزینوں کو کانگریس اور بی جے پی کا ایجنٹ بتایا تھا۔ اجلاس میں پناہ گزینوں کی امداد اور ان کی باز آبادکاری کے بجائے کیمپوں پر بلڈوزر چلائے جانے کے رویہ کو آر ایس ایس کو تقویت پہنچانے والا قدم بتایاگیا۔ مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کالونی بناکر فساد زدگان کو الاٹ کی جائیں اور ان کے مالی نقصانات کا پورا معاوضہ دیا جائے۔اس موقع پر حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا گیاکہ اگر انتظامیہ نے بغیر رہائش کے انتظامات کے کیمپوں کو اکھاڑا تو مسلم مجلس بڑے پیمانے پر تحریک کرنے پر مجبور ہوگی۔ اجلاس میں ہوئے فیصلہ کے مطابق محمد ندیم صدیقی کی قیادت میں تین جنوری کو ایک وفد مظفر نگر پہنچ کر صحیح صورتحال کا جائزہ لے گا جس کے بعد متاثرین کو امداد دلانے کی کوششیں ہوں گی اور مظاہرہ بھی کیاجائے گا۔ اجلاس میں توفیق جعفری، وصی احمد ایڈوکیٹ، حفیظ الرحمان گڈو و دیگر شریک رہے۔