لکھنو؛:گڑمبا علاقے میں اتوار کو چوروں نے ضمنی ڈاک گھر دفتر کو اپنا نشانہ بنایا۔ چور دفتر میں لگی گریل کا ٹ کر وہاں رکھے دس لاکھ روپئے کے کسان پتر اور ڈاک ٹکٹ چوری کر لے گئے اس معاملے میں گڑمبا پولیس نے چوری کی رپورٹ درج کر لی ہے ۔
انسپکٹر گڑمبا رشی کیش یادو نے بتایاکہ سیکٹر ایچ جانکی پورم میں ضمنی ڈاک گھر ہے۔ اتوار کو ڈاک گھر بند تھا۔ وہان تعینات حفاظتی گارڈ وشو ناتھ دوپہر کو گھر چلا گیا ۔ شام تقریباً ۷ بجے وہ واپس لوٹا تو دیکھاکہ دفتر کے باہری حصہ میں لگی لوہے کی گریل کٹی ہوئی تھی ۔ اس پر حفاظتی گارڈ نے اطلاع پوسٹ ماسٹر رام پرکاش مشرا کو دی۔ گارڈ کی اطلاع پر پہنچے رام پرکاش نے اطلاع گڑمبا پولیس کو دی۔ موقع پر گڑمبا پولیس بھی پہنچ گئی تفتیش کی گئی تو دفترمیں رکھے دس لاکھ کے اسٹامپ پیپر ، کسان پتر اور ڈاک ٹکٹ چوری ہو چکے تھے وہیں ڈاک گھر میں رکھے نقد روپئے اپنی جگہ موجود تھے ۔ پوسٹ ماسٹر کا الزام ہے کہ وہ جب رپورٹ درج کرنے کےلئے تھانے پہنچے تو تھانے میں موجود ایک داروغہ نے ان کے ساتھ بدسلوکی کی ۔ بتایایہ بھی جاتا ہے کہ اس ڈاک گھر میں گزشتہ بیس مارچ کو بھی چور د ولاکھ سات ہزار روپئے چوری کر لے گئے تھے۔