بریلی: لٹیروںکی گولی سے زخمی ہوئے شراب کی دکان پر کام کرنے والے سیلس مین کی کئی دنوں تک چلے علاج کے دوران موت ہو گئی۔ پولیس نے لاش کا پوسٹ مارٹم بھی کرایا۔ پیلی بھیت کے سنگڈھر تھانہ حلقہ کی اشوک نگر کالونی کے رہنے والے نریش جیسوال کے بیس سالہ بیٹے وویک جیسوال کی علاج کے دوران نجی اسپتال میں موت ہو گئی۔ پوسٹ مارٹم ہاوس پر موجود متوفی کے کنبہ والوں نے بتایاکہ وویک علی گڑھ کے دھوریس مافی واقع دکان پر سیلس مین تھا۔ یکم اکتوبر کی رات کچھ لٹیروںنے دکان پر حملہ کر دیا اور نقد روپئے و سامان لوٹ لیا۔ مخالفت کرنے پر انہوں نے وویک کو گولی مار دی ۔ گولی کی آواز سن کر کئی لوگ موقع پر جمع ہو گئے جس سے بدمعاش وہاں سے فرار ہو گئے۔ لوگوں نے اسکی اطلاع پولیس کو دی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے وویک کو اسپتال میںداخل کرا کر اس کی اطلاع کنبہ والوں کو دی ۔ گھروالے اسے علاج کیلئے بریلی لے آئے اور اسے نجی اسپتال میں بھرتی کرایاجہاں کل صبح اس کی موت ہو گئی۔