نئی دہلی: کاروباری اشتہارات کے نگراں ادارے اے ایس سی آئی کے ذریعہ گمراہ کن ۴جی اشتہار بند کرنے کے احکامات پر ٹیلی مواصلات کمپنی بھارتی ایئر ٹیل نے آج کہا کہ اس کا سب سے تیز رفتار کا دعویٰ سخت آزمائشی عمل پر مبنی ہے۔
کمپنی نے کہا کہ وہ ہندوستانی اشتہارات معیاریت بورڈ (اے ایس سی آئی) کے اپنے اشتہار کی ہمایت میں تکنیکی اعدادو شمار فراہم کرا رہی ہے اور وہ مذکورہ معاملے کے جائزہ میں متعلقہ طے شدہ نظم پر عمل کر رہی ہے۔ بھارتی ایئر ٹیل نے شیئر بازار کو بتایا کہ کمپنی کو اے ایس سی آئی سے مثبت رد عمل ملنے کا بھروسہ ہے۔
بی ایس ای نے ذرائع ابلاغ کی اس خبر پر کمپنی کی وضاحت طلب کی تھی کہ اے ایس سی آئی نے ایئر ٹیل کو ۴ جی کے گمراہ کرنے والے اشتہار کو بند کرنے کیلئے کہا ہے اشتہار میں دیگر باتوں کے علاوہ یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ ایئر ٹیل اپنے ۴جی کنکشن پر سب سے تیز رفتار انٹر نیٹ کی پیش کش کر رہی ہے اور اگر کوئی دیگر کمپنی اس سے تیز رفتار فراہم کر رہا ہے تو وہ زندگی بھر مفت خدمات فراہم کرے گی۔ کمپنی نے بی ایس ای کو دیئے گئے جواب میں کہا کہ ۴جی سب سے تیز رفتار انٹرنیٹ سروس مہیا کرانے والی تکنیک ہے اور اسے عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔