نیویارک :اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سابق صدر اور چار دیگر لوگوں کے خلاف رشوت لینے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سابق صدر جان ایش کے خلاف نیو یارک کی ایک عدالت میں شکایت درج کرائی گئی ہے جس کے مطابق انہوں نے چین کے ایک صنعت کار اورڈولپر انجی لاپ سینگ سے 13 لاکھ ڈالر سے بھی زیادہ کی رشوت لی ہے ۔ مین ہٹن کے اٹارنی پریت بھرارا نے مسٹر ایش اور دیگر ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ معاملے کی جانچ شروع ہونے کے بعد اور بھی باتیں سامنے آ سکتی ہیں۔مسٹر بھرارا نے کہا کہ اگر الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو اس بات کی تصدیق ہو جائے گی کہ بدعنوانی کا کینسر بہت سے ممالک کی حکومت میں پھیل چکا ہے اور اقوام متحدہ بھی اس سے الگ نہیں ہے ۔