کانپور:اترپردیش کانپور ریلوے اسٹیشن کے نزدیک 15206 چترکوٹ ایکسپریس ٹرین کا انجن فیل ہوجانے کی وجہ سے کانپور ۔ لکھن ریل سیکشن پر آمدورفت میں رخنہ پڑا۔ ریلوے کے ذرائع کے مطابق جبل پور سے لکھنو کے راستے برونی جانے والی چترکوٹ ایکسپریس اپنے مقررہ وقت آٹھ بج کر پانچ منٹ پر کانپور سے لکھن کے لئے روانہ ہوئی تھی لیکن ٹرین ابھی چلی ہی تھی کہ انجن میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے اس پلیٹ فارم پر ہی روک دیا۔ ریلوے کے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نے انجن کی خرابی کو دور کرکے اسے روانگی کے لئے ہری جھنڈی دکھائی مگر ریلوے اسٹیشن سے قریب دو سو میٹر کے فاصلے پر جے پوریا کراسنگ کے نزدیک انجن پھر فیل ہو گیا جس کی وجہ سے لوپ لائن پر ٹرین کے رکنے سے 19705 جے پور ۔ لکھن ایکسپریس، راپتی ساگر ایکسپریس، کانپور۔ لکھنو میمو اور دو مال گاڑیاں بھی رک گئیں۔ ادھر ریلوے کراسنگ بند ہونے سے سڑک کے دونوں طرف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی جس سے لوگوں کوزبردست پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ خبرملنے تک ٹرینوں کی آمدورفت متاثر تھی۔