نئی دہلی: اقلیتی امور کے وزیر مملکت مكهتارعباس نقوی نے آج مسلم مذہبی رہنماوں اور علما کے ایک وفد سے ملاقات کی اور کہا کہ مرکزی حکومت ملک میں تفرقہ انداز سیاست کو ختم کرنے کے عہد پر مضبوطی سے قائم ہے ۔دادری کے حالیہ واقعہ کے پس منظر میں ہونے والی یہ ملاقات آج صبح ان کی وزارت کے دفتر میں منعقد ہوئی۔مسٹر نقوی نے کہا کہ ہم ترقی اور حکومت کرنے میں یقین کرتے ہیں، پھوٹ ڈالو اور حکومت کرنے میں نہیں۔ مسٹرنقوی نے کہا کہ مرکزی حکومت سبھی کی ترقی کے اصول پر پختہ یقین رکھتی ہے اور کسی کو بھی امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ واضح رہے کہ فرقہ پرستی کے خلاف ٹھوس کارروائی نہ کرنے پر حکومت کو اپوزیشن کی سخت نکتہ چینی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔اقلیتی امور کے وزیر نے کہا کہ اتحاد اور سب کی خوشحالی کے بعد ہی نفرت انگیز سیاست کا خاتمہ کرسکتے ہیں۔مسلم رہنماوں نے کہا تفرقہ انداز سیاست کو ہرقیمت پر ناکام بنانا چاہئے ۔اس موقع پر شیعہ عالم غلام حسن نے کہا کہ ہم پہلے ہندستانی ہیں اور اس کے بعد ہندو یا مسلمان یا کچھ اور۔