کسی بھی فلم کے ریلیز کا دن کافی اہمیت کا حامل ہوتا ہے اور اس کے معنی اور پھر بڑھ جاتے ہیں جب اس پر سو کروڑی کلب میں شامل ہونے اور فرسٹ ویک اینڈ کلیکشن کا دباؤ ہو۔ اسی لئے بڑے اسٹارس اپنی بڑی بجٹ کی فلموں کو ریلیز کرنے کا خاص موقع تلاشتے رہتے ہیں۔ اگر سلمان کی پچھلی فلموں باڈی گارڈ، ایک تھا ٹائیگر، دبنگ، وانٹیڈ جیسی فلموں کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوگا کہ یہ تمام فلمیں عید کے موقع پر ریلیز ہوئی ہیں۔ اسی فارمولے پر آگے بڑھتے ہوئے سلمان کی اس سال عید کے موقع پر فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ ناظرین کے سامنے ہے۔ ویسے تو اب تک یہی سمجھا جاتا رہا ہے کہ سلمان خان کو عید تو دیوالی شاہ رخ خان اور کرسمس عامر خان کے لئے فائدے کے تہوار ہیں۔ لیکن اب اس میں بھی بدلائو دیکھنے کو مل رہا ہے۔ کیونکہ سلمان خان کے ہی نقش قدم پر شاہ رخ خان بھی چلتے ہوئے اپنی فلموں کو عید کے موقع پر ریلیز کرنے کا منصوبہ بنانے لگے ہیں۔دو ہزار تیرہ میں عید کے موقع پر آئی شاہ رخ خان کی ’چنئی ایکسپریس‘ سپر ہٹ ہو گئی تھی۔ چنئی ایکسپریس کے بعد اگلے سال دو ہزار سولہ میں اپنی فلم ’رئیس‘کو بھی عید کے موقع پر ریلیز کرنے کا پکا ارادہ شاہ رخ خان نے کر لیا ہے۔ اکثر سلمان خان اپنی فلموں کو عید کے موقع پر ہی ریلیز کرتے رہے ہیں جو ٹکٹ کھڑکی پر سپر ہٹ ہوتی رہی ہیں۔ اسی کو دیکھ کر شاہ رخ خان بھی اسی لیک پر چل پڑے لگتے ہیں۔ایسے میں دو بڑے فنکاروں کی بڑی فلمیں منظرعام پر آتی ہیں تو ان میں زبردست ٹکر دیکھی جاتی ہے۔ دو ہزار چھ میں سلمان خان کی ’جان من‘ اور شاہ رخ خان کی ’ڈان‘ ایک ساتھ آئی تھی۔ جان من کو کوئی رسپانس نہیں ملا تھا جبکہ شاہ رخ خان کی ڈان نے کامیابی کے پرچم گاڑ دیئے تھے۔ لیکن جیسا کہ امید کی جا رہی ہے کہ اگلے سال یعنی دو ہزار سولہ میں عید کے موقع پر شاہ رخ خان کی ’رئیس‘ اور سلمان خان کی ’سلطان ‘ایک ساتھ فلمی پردے پر چڑھے گی۔ اس طرح کے ٹکراؤ کے نقصان کو دیکھتے ہوئے کرن جوہر نے اپنی فلم ’بردرس‘ کو دو اکتوبر دو ہزار چودہ کی ریلیز کو تقریباً دس ماہ آگے کھسکا دیا تھا۔ یہ فلم اگست دو ہزار پندرہ میں آئے گی کیونکہ اکتوبر میں کئی بڑے بجٹ کی فلمیں آنے والی ہیں۔ جس سے فلموں میں ٹکراؤ کی گنجائش زیادہ تھی۔ پھر بھی عید ہی نہیں ہولی، دیوالی یا کرسمس پر فلموں کی ریلیز کمائی کے امکانات کو دیکھتے ہوئے کیا جاتا ہے۔ ایسے میں فلموں میں ٹکراؤ کی گنجائش تو بنی ہی رہتی ہے۔ اگر فلموں میں ٹکراؤ کی بات کی جائے تو اس سال سب سے بڑا ٹکراؤ سنجے لیلا بھنسالی اور شاہ رخ خان کا ہو سکتا تھا۔ لیکن سنجے لیلا بھنسالی نے اکتوبر کو ٹال دیا ہے۔ سنجے لیلا بھنسالی نے اپنی فلم ’باجی رائو مستانی‘ کو اگلے سال پیش کرنے کا ارادہ بنا لیا ہے۔
پہلے پیارکی طرف سلمان کی واپسی!
سمجھا جاتا ہے کہ انسان اپنا پہلا پیار بھلا نہیں پاتا اگر اس میں سچائی ہے تو سلمان خان بھی اس سے الگ نہیں کیونکہ آج کل سلمان خان اپنے پہلے پیار یعنی سنگیتا بجلانی کے ساتھ دیکھے جا رہے ہیں۔ اگرچہ سلمان بالی ووڈ کے ایسے فنکار ہیں جنکا ایکس لو ہمیشہ زندہ رہتا ہے۔ اگر ایشوریہ رائے کو چھوڑ دیا جائے تو سلمان کے گھر یا ان پارٹیوں میں ان کی ایکس گرل فرینڈس کا آنا جانا برقرار رہتا ہے۔ بالی ووڈ کے دبنگ ہیرو کے ساتھ یوں تو کئی ہیروئنوں کے نام جڑے لیکن سلمان کے دل میں آج بھی ان کا پہلا پیار خاص معنی رکھتا ہے۔ سلمان خان کی پہلی محبت تھیں سنگیتا بجلانی۔ جس وقت سلمان خان فلمیں حاصل کرنے کے لئے جدوجہد اور بھاگ دوڑ کر رہے تھے اس وقت سنگیتا بجلانی ایک مشہور ماڈل بن چکی تھیں۔ ان دونوں کی ملاقات ایک پارٹی میں ہوئی تھی۔ سنگیتا بجلانی عمر میں سلمان خان سے تو بڑی ہیں لیکن سنگیتا کی ہر ادا پر سلمان لٹو ہو گئے تھے۔ سنگیتا بجلانی نے کچھ فلموں میں کام بھی کئے لیکن وہ اپنے فلمی کیریئر کو پروان نہیں چڑھا سکی اور فلموں میں کام کرنے سے انہوں نے اپنے آپ کو الگ کر لیا۔