روم: امریکہ نے شام کی جنگ میں روس کے ساتھ فوجی تعاون کو خارج از امکان قرار دے دیا ہے اور ماسکو حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ غلط حکمت عملی پر چل رہا ہے ۔امریکی وزیردفاع آشٹن کارٹر نے واضح کیا ہے کہ امریکا روس کے ساتھ شام میں فضائی حملوں کے ضمن میں کوئی تعاون نہیں کررہا ہے ۔انھوں نے شام میں روس کے اقدام کو بنیادی غلطی قرار دیا ہے ۔مسٹر کارٹر نے اٹلی کے دارالحکومت روم میں بدھ کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ ‘میں پہلے بھی یہ کہہ چکا ہوں اور ہمیں یقین ہے کہ روس شام میں ایک غلط حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے ۔ اس کے طیاروں نے ان اہداف کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جو داعش کے نہیں ہیں۔یہ ایک بنیادی غلطی ہے ’۔انھوں نے کہا کہ ‘روسی جو کچھ بھی کہتے رہیں،ہم روس کے ساتھ اس وقت تک تعاون پر متفق نہیں ہوں گے جب تک وہ اس غلط حکمتِ عملی پر عمل پیرا رہتا ہے اور شامی باغیوں کے اہداف کو نشانہ بناتا رہتا ہے ’۔