سیون: مدھیہ پردیش کے ضلع سیونی کے برگھاٹ میں تین دنوں سے جاری کرفیو میں آج صبح 10 سے 12 بجے تک دو گھنٹے کی مہلت دی گئی۔صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامیہ آج شام پھر سے کچھ وقفہ کے لئے کرفیو میں ڈھیل دینے کے بارے میں غور کر رہی ہے ۔ پولس نے 5 کتوبر کو پھیلنے والی بدامنی کے سلسلے میں اب تک 5 افراد کو گرفتار کیا ہے ۔ آج صبح کرفیو میں مہلت کے دوران پٹرول پمپ، گروسری اسٹور اور سبزی فروشوں کے یہاں کافی بھیڑ دکھائی دی۔ انتظامیہ نے اس دوران سکیورٹی کے نظام کے سخت انتظامات کئے تھے ۔ مہلت کے وقفہ دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے لئے برگھاٹ میں موجود پولس دستہ حالات پر نگرانی کرتا رہا۔ پولس سپرنٹنڈنٹ آر پی سنگھ نے بتایا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے کے معاملے میں اب تک 5 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ حالات کا جائزہ لینے کے بعد آج شام ایک بار پھر کرفیو میں ڈھیل دینے کے بارے میں غور کیا جا رہا ہے ۔ واضح رہے کہ برگھاٹ میں 5 اکتوبر کو ایک مخصوص فرقہ کے لوگوں کی مار پیٹ کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈرکپور چندر ٹھاکرے کی موت کی وجہ سے کشیدگی پھیل گئی تھی۔صورت حال کو کنٹرول میں لینے کے لئے انتظامیہ نے پہلے تو دفعہ 144 لگا نے کا اعلان کیا، لیکن بعد میں کرفیو لگا نے کا فیصلہ کیا گیا ، جو تاحال جاری ہے ۔