نئی دہلی: مرکزی وزیرمالیات ارون جیٹلی نے بی ای پی ایس کے منصوبوں میں اوای سی ڈی کی کوششوں اوردولت مشترکہ ممالک کے لئے اہم حیثیت کی حامل اطلاعات کے باہمی تبادلے کی کوششوں کا خیر مقدم کیا ہے ۔مسٹر جیٹلی سات اکتوبر 2015 پیرو کے شہر لیما میں دولت مشترکہ ممالک کے وزرائے مالیات کے 49 ویں سالانہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اطلاعات کے خودکار تبادلے میں کامن رپورٹنگ اسٹینڈر ڈ کی عمل آوری کوعالمی سطح پر باہمی طور سے یقینی بنایا جانا چاہئے ۔ کیونکہ اسے عالمی سطح پر ٹیکس چوری سے بچاکے لئے کلیدی طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے ۔مسٹر جیٹلی نے کہا کہ ہندوستان ان نظاموں سے مسلسل استفادہ کرتا رہا ہے کیونکہ اسے ٹیکس چوری سے متعلق اہم اطلاعات فراہم ہوتی رہی ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے ٹیکس کاری پر عالمی اصولوں کے تعین کے لئے حقیقی اور مساوات پر مبنی ہمہ فریقیت پر زور دیا۔دولت مشترکہ ممالک کے وزرائے مالیات کے اس 49 ویں سالانہ اجلاس میں ڈھانچہ جاتی سہولیات کی سرمایہ کاری اور چھوٹی ریاستوں کی تجارت کی سرمایہ کاری کی سہولت پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔وزیر مالیات مسٹر ارون جیٹلی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ،عالمی بینک اور دیگر متعلقہ اداروں کے اجلاسوں میں شرکت کی غرض سے پیرو گئے ہوئے ہیں۔وہ گیارہ اکتوبر 2015 کو وطن واپس آئیں گے ۔