پٹنہ: راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو نے آج الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی شروع ہی دلت مخالف رہے ہیں اور ریزرویشن کے معاملہ پر ان کی اب تک کی خاموشی سے یہ پتہ چلتا ہے کہ اسے ختم کرنے میں ان کی خاموش رضامندی ہے ۔مسٹر یادو نے عظیم اتحاد کی ساتھی پارٹی جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے راجیہ سبھا کے رکن پون ورما اور کانگریس کے ریاستی صدر اشوک چودھری کی موجودگی میں یہاں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم مسٹر مودی ریزرویشن پر اب تک خاموشی کیوں اختیار کئے ہوئے ہیں۔ ان کی خاموشی سے ایسا لگتا ہے کہ انہوں نے ریزرویشن ختم کرنے کی خاموش رضامندی دے دی ہے ۔ اگر ایسا نہیں ہے تو وہ آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کی بیان کی مذمت کریں۔راشٹریہ جنتا دل کے صدر نے کہا کہ اگر مسٹر مودی ایسا نہیں کرتے ہیں تو اس سے واضح ہے کہ وہ اپنے گرومسٹر بھاگوت کی جانب سے ریزرویشن ختم کرنے کی بات کی حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کے سربراہ کے بیان کی مذمت نہ کر مسٹر مودی ملک کی 80 فیصد آبادی کا گلا گھونٹنا چاہتے ہیں۔