برلن: ڈیزل اخراج گھوٹالے میں پھنسی گاڑی بنانے والی کمپنی فاکس ویگن آئندہ سال جنوری سے آلودگی چھپانے والے سافٹ ویئر کے استعمال والی کاریں واپس منگائے گی ۔ کمپنی کے سی ای او ماتھیاس میولر نے جرمن اخبار ایف اے زیڈ کو دئے گئے انٹرویو میںکہاکہ اخراج کم کرکے دکھانے والے سافٹ ویئر کو ہٹانے کےلئے جنوری ۲۰۱۶ سے بین الاقوامی بازار میں کاروں کو واپس منگانے کی تیاری ہے اور اگر سب کچھ منصوبے کے مطابق ہوا تو سال کے آخر تک اس خرابی کو ختم کرنے کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیںیقین ہے کہ اخراج گھوٹالے میں اس کے کچھ ملازمین ہی شامل ہیںاور ان کی وجہ سے کمپنی کی شبیہ اور برانڈ دونوں کونقصان ہوا ہے ۔ مسٹر میولر نے کہا کہ اس بحران میں کمپنی کے ڈھانچے میں بڑی تبدیلی کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ مالیاتی بازار کو آلودگی کم کر کے دکھانے والے سافت ویئر کے استعمال کی اطلاع کافی دیر سے دینے کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں قانون کی جتنی سمجھ ہے اس کے مطابق ہم نے وقت سے اس کی اطلاع دی ہے۔