ایشوریہ کے مطابق اصل زندگی میں ماں بننے کے بعد وہ اپنی آنے والی فلم میں اپنے کردار کو زیادہ بہتر طریقے سے سمجھ سکیں
اداکارہ ایشوریا رائے بچن پانچ سال کے وقفے کے بعد ڈائریکٹر سنجے گپتا کی فلم ’جذبہ‘ سے فلمی دنیا میں واپسی کر رہی ہیں۔
لیکن وہ نہ تو اس فلم کو اپنا ’ کم بیک‘ مانتی ہیں اور نہ ہی ان پانچ سالوں میں سینیما سے دوری کی بات کو صحیح مانتی ہیں۔
’ابھیشیک نے کہا فلم کرو گی، میں بولی ہاں‘
بی بی سی ہندی کی مدھو پال سے بات چیت کے دوران ایشوریا نے کہا کہ ان کی آنے والی فلم میں وہ ایک ماں کے کردار میں نظر آئیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں فلم میں ایک ماں کا کردار ادا کر رہی ہوں اور اصل زندگی میں ماں بننے کے بعد میں اس کردار کو زیادہ قریب سے سمجھ سکی۔‘
فلمی دنیا سے دوری کے سوال پر ایشوریا نے کہا کہ ’میں پانچ برس سے فلم نہیں کر رہی تھی، لیکن اشتہارات تو کر ہی رہی تھی اور سکرپٹ بھی سن رہی تھی، یہی وجہ ہے کہ میں نے فلموں سے کبھی فاصلہ محسوس نہیں کیا۔‘
میں سوشل میڈیا کے اثرات اور طاقت کو اچھی طرح سے سمجھتی ہوں۔ شروع میں مجھے یہ فیشن کی طرح ہی لگا تھا لیکن اب ظاہر ہو گیا ہے، کچھ لوگ تو شاپنگ سے لے کر کھانے تک کی باتیں بھی اپ ڈیٹ کر دیتے ہیں ایسے میں اس رجحان سے میں دور ہی صحیح ہوں۔
ایشوریہ رائے بچن
ایشوریہ سے جب کام کے ساتھ ذاتی زندگی میں توازن برقرار رکھنے کے بارے میں دریافت کیا گیا تو انھوں نے کہا، ’مجھے قریب سے جاننے والے لوگوں نے مجھے ملٹی ٹاسكر کا خطاب دیا ہے۔‘
وہ مزید کہتی ہیں، ’جب میں اپنے کیریئر میں عروج پر تھی، تبھی میں نے شادی کر لی اور اداکارہ کے ساتھ بیوی، بہو کی بھی ذمہ داری ایک ساتھ ادا کی۔‘
شادی کے بعد ایشوریہ کی پہلی فلم ’جودھا اکبر‘ تھی جو کامیاب رہی، لیکن 2010 میں آنے والی ان کی فلم ’گزارش‘ باکس آفس پر کچھ خاص کمال نہیں دکھا پائی تھی۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ ایک طرف جہاں ان کے شوہر ابھیشیک بچن اور سسر امیتابھ بچن سوشل میڈیا پر بہت سرگرم ہیں وہیں ایشوریا کو اس سے دوری میں ہی بھلائی لگتی ہے۔
وہ کہتی ہیں، ’میں سوشل میڈیا کے اثرات اور طاقت کو اچھی طرح سے سمجھتی ہوں۔ شروع میں مجھے یہ فیشن کی طرح ہی لگا تھا لیکن اب ظاہر ہو گیا ہے، کچھ لوگ تو شاپنگ سے لے کر کھانے تک کی باتیں بھی اپ ڈیٹ کر دیتے ہیں ایسے میں اس رجحان سے میں دور ہی صحیح ہوں۔‘