لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ ہمیشہ دیر سے پہنچنے کا طعنہ سننے والی پولیس اتوار کی شام ایک اطلاع پرنہ صرف پہنچ گئی بلکہ ایک بزرگ خاتون کی پولیس کے جلد پہنچنے کی وجہ سے جان بچ گئی۔
خاتون نے نیند کی گولیاں کھاکرجان دینے کی کوشش کی تھی۔شوہر کی اطلاع پر وقت سے پہنچی علی گنج پولیس نے دروازہ توڑا اور خاتون کو نیم مردہ حالت میں ٹراما سینٹر میں داخل کرایا ۔صحیح وقت پر ٹراما سینٹر پہنچنے سے بزرگ خاتون کی جان بچ گئی۔ علی گنج کے کپور تھلا بڑا چاند گنج علاقہ میں ساٹھ سالہ سبھاش اپنی بیوی ۵۵ سالہ سمن کے ساتھ رہتے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ اتوار کی شام دونوں شوہر بیوی کے درمیان کسی بات کے سلسلہ میںجھگڑا ہوا۔ اس پر سمن نے خود کو کمرے میں بند کر لیا۔ پہلے تو سمن نے سوسائڈ نوٹ لکھا اور پھر ایک درجن سے زیادہ نیند کی گولیاں کھا لیں۔ سبھاش نے مدد کی امید پر پولیس کنٹرول روم کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی ایس او علی گنج کملا پتی یادو سپاہیوں کے ساتھ پہنچ گئے۔ بغیر وقت ضائع کئے ایس او نے کمرے کا دروازہ توڑا اور اندر کمرے میں پہنچے۔ کمرے میں بستر پر سمن نیم مردہ حالت میں پڑی تھی اور اس کے منھ سے جھاگ نکل رہی تھی۔ سمن کی حالت دیکھ کر تھانہ انچارج سمجھ گئے کہ سمن نے کوئی زہریلی شے کھا لی ہے۔ انہوں نے سمن کو اپنی گاڑی میں بٹھایا اور علاج کیلئے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا ۔ ٹراما سینٹر میں علاج کے دوران ڈاکٹروں نے سمن کی جان بچا لی۔ سمن کو اسپتال میں داخل کرانے کے بعد علی گنج پولیس پھر سمن کے گھر پہنچی اور وہاں سے سمن کے ہاتھ کا لکھا ہوا سوسائڈ نوٹ بھی برآمد کیا ہے۔