لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ چند روز کے بعد شروع ہونے والے ایام عزا اور درگا پوجا کے پروگراموں کے سلسلہ میں پولیس نے اپنا ہوم ورک شروع کر دیا ہے۔ اتوار کے روز محرم اور درگا پوجا کے سلسلہ میں پرانے لکھنؤمیں پولیس کے جوانوں نے فلیگ مارچ کیا۔ ۱۰۰ موٹر سائیکلوں پر سوار پولیس کے جوانوں نے ہر حساس علاقہ میں مارچ کیا۔ اس سلسلہ میں پولیس کپتان مغربی اجے کمار مشرا نے بتایا کہ محرم اور درگا پوجا کے پیش نظر حفاظت کے تمام بندوبست مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ہر مرتبہ کی طرح اس بار بھی محرم کے موقع پر پرانے لکھنؤ کو زون اور سیکٹر میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر زون اور سیکٹر کا انچارج پولیس اور انتظامیہ کا ایک افسر رہے گا۔ اس کے علاوہ پرانے لکھنؤ میں برآمد ہونے والے جلوسوں کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں ان میں جہاں جہاں پر خامیاں ہیں ان کودرست کیا جا رہا ہے۔ لکھنؤ پولیس کے علاوہ غیر اضلاع سے بھی سلامتی دستوں کو طلب کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پی اے سی اور آر اے ایف کے دستے بھی جلد ہی پہنچ جائیں گے۔ پولیس کی مقامی خفیہ اکائی کے اہلکاران کو بھی پرانے شہر میں مستعد رہنے اور ہر چھوٹی سے چھوٹی اطلاع سے افسران کو فوری طور پر مطلع کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چوک ،حضرت گنج، وزیر گنج، بازار کھالہ، سعادت گنج، تالکٹورہ ،قیصر باغ اور امین آباد تھانہ انچارجوں کو محرم اور درگا پوجا کے پروگراموں کے پیش نظر علاقہ میں گشت کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسی سلسلہ میں آج چوک کے جیوتی با پھلے پارک سے ۱۰۰ موٹر سائیکل سوار پولیس کے جوانوں کے ذریعہ چوک، ٹھاکر گنج، بازار کھالہ، وزیر گنج اور امین آباد علاقہ میں فلیگ مارچ کیا گیا۔ فلیگ مارچ میں سی او چوک سرویش کمار مشرا، سی او بازار کھالا راج کمار اگروال، سی او قیصر باغ، انسپکٹر چوک، وزیر گنج بازار کھالا، قیصر باغ، امین آباد سمیت ایس او ٹھاکر گنج ، سعادت گنج اور تالکٹورہ بھی موجود رہے۔ اس موقع پر ضلع انتظامیہ کے افسر اے سی ایم سکنڈ شیلندر مشرا بھی خصوصی طور پر موجود تھے۔
ان کے حوالے ہوگا حفاظتی بندوبست:- پرانے لکھنؤ کو پانچ زون اور اٹھارہ سیکٹر میں تقسیم کیا جائے گا اور حفاظت کیلئے اٹھارہ کمپنی پی اے سی، سی پی ایم ایس ، سی آئی ایس ایف اور بی ایس ایف بھی موجود رہیں گی۔اس کے علاوہ سولہ ایڈیشنل ایس پی اور پچاس ڈپٹی ایس پی تعینات رہیں گے۔ تقریباً پچاس بیحد حساس مقامات پر کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی تمام سی او ،تھانہ صدور اور انتظامیہ کے افسران کے پاس بھی ویڈیو کیمرے موجود رہیںگے جبکہ حفاظتی بندوبست میں دو ڈرون کیمروںکا بھی استعمال کیا جائے گا۔