نئی دہلی:بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے مشیر رہنے والے سدھیندر کلکرنی پر ممبئی میں شیوسینکوں کی جانب سے سیاہی پھینکے جانے کے واقعہ کو نامناسب قرار دیا ہے ۔بی جے پی کے سینئر لیڈر اور پارلیمانی امور کے وزیر مملکت مختار عباس نقوی نے آج یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ ملک کا نظام آئین اور رواداری سے چلتا ہے ۔ہماری پارٹی کبھی بھی ایسے واقعات کو درست نہیں ٹھہرا سکتی۔واضح رہے کہ پاکستان کے سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری کی کتاب کا اجرا کرنے کے پروگرام کے خلاف احتجاج میں اس کے منتظم سدھیندر کلکرنی کے چہرے پر شیوسینا کے کارکنوں نے آج سیاہی پوت دی۔مسٹر قصوری کی کتاب ‘‘نیدر اے ہاک ناراے ڈو’’ کا اجرا ہونا تھا لیکن اس کے خلاف احتجاج میں شیوسینا کے کارکنوں نے آرگنائزر آبزرور ریسرچ فاونڈیشن (او آر ایف) کے سربراہ مسٹر کلکرنی کے چہرے پر سیاہی پوت دی۔ مسٹر کلکرنی نے کہا کہ شیو سینا کے کارکنوں نے ان پر سیاہی پھینکی اورانہیں گالیاں دیں ۔