نئی دہلی: کانگریس نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے مشیر رہے سدھیندر کلکرنی کے چہرے پر سیاہی پوتنے کے واقعہ کی سخت مذمت کی ہے ۔ کانگریس جنرل سکریٹری دگ وجے سنگھ نے ٹوئیٹ کرکے آج کہا کہ شیو سینکوں کی یہ حرکت انتہائی قابل نفرت ہے اور وہ اس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ مسٹر کلکرنی کی حمایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے کو اپنے غنڈوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے غلام علی کے پروگرام کی مخالفت کرکے اسے روکا گیا اور اب پاکستان کے سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری کی کتاب کے اجرا کے پروگرام کو روکا جا رہا ہے ۔ ہندستان جیسے متنوع ثقافت والے ملک میں اس طرح کے واقعات کو قبول نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے دیسی طالبان کو برداشت نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ واضح رہے کہ آبزرور ریسرچ فاؤنڈیشن (اوآر ایف) ممبئی میں پاکستان کے سابق وزیر خارجہ کی کتاب کا اجرا کر رہا ہے ۔