نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے دادری واقعہ پر اپنی طویل خاموشی کو توڑتے ہوئے اس واردات کی شدید مذمت کی ہے اور اسے فرقہ وارانہ رنگ دینے کے لئے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔وزیر اعظم نے بنگلہ زبان میں شائع ہونے والے اخبار ‘‘آنند بازار پتریکا ’’کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ ‘‘دادری واقعہ انتہائی تکلیف دہ اور ناقابل برداشت ہے ۔میں اس واقعہ سے بیحددلبرداشتہ ہوں۔ اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ لیکن اس کے لئے مرکزی حکومت کو کس طرح ذمہ دار ٹھہرایا جاسکتا ہے ۔ یہ پوری طرح سے قانون و انتظام کا معاملہ ہے ، جس کے لئے وہ ریاستی حکومت ذمہ دار ہے ۔ جہاں یہ واقعہ پیش آیا ہے ’’۔مسٹر مودی نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کی بی جے پی قطعی حمایت نہیں کرتی۔ اس واقعہ میں بی جے پی کا ہاتھ ہونے کا جھوٹا الزام لگایا جارہا ہے ۔ دراصل اپوزیشن اپنے سیاسی مفادات کے لئے اسے فرقہ وارانہ رنگ دینے میں مصروف ہے ۔ وہ صف آرائی کی سیاست کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تنازعات پہلے بھی کھڑے ہوچکے ہیں ۔ لیکن بی جے پی نے ہمیشہ ہی دکھاوے کے سیکولرزم کی مخالفت کی ہے ۔