آرہ:راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو نے آج کہا کہ بہار اسمبلی انتخابات میں عظیم اتحاد کے حق میں طوفان چل رہا ہے جس میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) بی جے پی اڑ جائے گی۔ ضلع بھوجپور کے جگدیش پور میں عظیم اتحاد کے امیدواروں کے حق میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر یادو نے کہا کہ پورے بہار میں اس بار بی جے پی اور مودی کی غلط پالیسیوں کے خلاف لہر سے کہیں زیادہ تیز طوفان چل رہا ہے جس میں بی جے پی اور ان کی ساتھی ٹیم کہیں ٹک نہیں پائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنتا دل (یونائیٹڈ) کے سینئر لیڈر اور وزیر اعلی نتیش کمار لوک سبھا انتخابات میں ان سے الگ تھے تو بی جے پی کو کامیابی مل گئی ۔اب عوام جاگ گئے ہیں، مسٹر مودی کے جھوٹے وعدوں کو لوگ سمجھ گئے ہیں۔ مسٹر یادو نے کہا کہ مسٹر مودی کہتے تھے کہ اچھے دن آئیں گے ، لیکن اچھے دن اب نہیں آئے ۔ مسٹر مودی نے نوجوانوں کو روزگار اور بیرون ملک سے کالا دھن لانے اور ملک کے تمام شہریوں کے اکاؤنٹ میں کم از کم 15 لاکھ روپے جمع کرانے کا وعدہ کیا تھا، لیکن ایک بھی روپیہ نہ تو اکاؤنٹ میں آیا اور نہ ہی نوجوانوں کو روزگار ملا۔
راشٹریہ جنتا دل صدر نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے ۔ پیاز، دال اور مصالحہ جات کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ انتخابات کے بعد مسٹر نتیش کمار کی قیادت میں بہار میں حکومت بنے گی اور گڈ گورننس کے ساتھ ریاست ہمہ جہت ترقی کرے گی۔مسٹر یادو نے کہا کہ پیشرو مرکزی حکومت کے دور حکومت میں پاکستان کی سرحد پر جب واقعہ ہوتا تھا تب مسٹر مودی کہتے تھے کہ مرکزی حکومت کچھ نہیں کرتی ہے لیکن بی جے پی کے دور اقتدار میں ہندوستانی جوانوں کے سر دہشت گرد کاٹ کر لے گئے ، فوجیوں کے بنکر تباہ کر دیے گئے ۔ سرحد پر رہنے والے شہری مارے جا رہے ہیں، لیکن مسٹر مودی خاموشی اختیار رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھڑے طبقے کو ریزرویشن دینے کے لئے انہوں نے منڈل کمیشن کی سفارشات لاگو کروائي اور اب اس ریزرویشن کو بی جے پی کے لیڈر ختم کرنے کی فراق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کہتے ہیں کہ ریزرویشن پالیسی کا جائزہ لیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ریزرویشن ختم کرنے کا نام بھی مسٹر بھاگوت نے لیا تو وہ انہیں بخشیں گے نہیں۔ انہوں نے بہار میں ترقی اور گڈ گورننس کے لئے لوگوں سے عظیم اتحاد امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔