جے پور: راجستھانی زبان کے مصنف نند بھاردواج نے ملک میں مذہبی عدم رواداری اور اظہار رائے کی آزادی پر ہونے والے حملے اور شدت پسند اور فرقہ پرست طاقتوں کی جانب سے مصنفین، ادیبوں اور عام شہریوں کے قتل کی مخالفت میں آج اپنا ساہتیہ اکادمی ایوارڈ واپس کردیا ہے ۔راجستھان میں ایوارڈ واپس کرنے والے مسٹر بھاردواج پہلے مصنف ہیں۔ انہیں یہ ایوارڈ 2004 میں راجستھانی ناول کے لئے دیا گیا تھا۔مسٹر بھاردواج نے اکادمی کے سکریٹری کو ارسال کردہ خط میں کہا کہ اس طرح کے واقعات سے ادبی حلقے میں تشویش اور عدم تحفظ کا احساس پیدا ہو رہا ہے اور اکادمی ایوارڈ یافتہ مصنفین بھی اس خطرے کا شکار ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں اکادمی کی جانب سے مصنفین کے تحفظ اور ان کے وقار کی حفاظت کیلئے کچھ نہیں کیا جا رہا ہے ۔