نئی دہلی: اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے کال ڈراپ کیلئے ٹیلی کام آپریٹروں کو صارفین کو ہرجانہ دینے کے حکم کا خیرمقدم کرتے ہوئے آج کہاکہ آپریٹروں کو ایسا بندوبست کرنا چاہئے کہ کال ڈراپ تاریخ بن کر رہ جائے ۔مسٹر پرساد نے اس سلسلے میں ٹرائی کا حکم آنے کے بعد نامہ نگاروں سے کہاکہ حکومت نے اپنی سطح سے پالیسی پر مبنی تدبیر کرتے ہوئے اسپیکٹرم شیئرنگ، ٹریڈنگ اور سرکاری عمارتوں پر ٹاور لگانے کی تدبیر کئے ہیں۔ اب آپریٹروں کو اپنی جانب سے ایسا بندوبست کرنا ہے کہ انہیں ہرجانہ نہ دینا پڑے اور کال ڈراپ مستقبل میں کبھی نہ ہو۔مسٹر پرساد نے کہاکہ ٹرائی کا حکم پوری طرح سے قانونی ہے ، جس پر حکومت اور آپریٹر دونوں کو عمل درآمد کرنا ہوتا ہے ۔ محکمہ ٹیلی کمیونی کیشن ٹرائی کے حکم پر عمل درآمد کرانے کو تیار ہے ۔ ووڈا فون کے سربراہ سے ملاقات کے دوران کال ڈراپ کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ٹیلی کمیونی کیشن کے سکریٹری نے تمام آپریٹر سربراہوں سے اس سلسلے میں بات کی تھی اور اس کا حل نکالنے کیلئے کہا تھا۔واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں کال ڈراپ کی شکایتوں میں اضافہ پر وزیر اعظم نریندر مودی نے اس پر فوری کارروائی کرنے اور اس سے نجات دلانے کی تدابیر کرنے کیلئے کہا تھا۔