سیتامڑھی: وزیراعظم نریندر مودی نے وزیر اعلی نتیش کمار اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ کئی برسوں کے بعد بہار میں دونوں لیڈر عوام کا اچھا تفریح کررہے ہیں۔وزیر اعظم مسٹرمودی نے آج یہاں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلی اپنے درباریوں کے درمیان آج کل مشاعرہ کرنے میں مشغول ہیں۔ انہوں نے وزیراعلی کو مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ ایک ہفتہ باقی ہے ، مشاعرہ کرلیجئے ، آٹھ نومبر کے بعد لوگ آپ کو طلب کرلیا کریں گے ۔وزیر اعظم نے وزیر اعلی مسٹر کمار سے کہا، ‘روز ایسے اشعار لکھتے رہئے اور آنسو بہاتے رہئے ، سیتامڑھی کی سرزمین سے میں آپ کو نیک خواہشات پیش کرتا ہوں’۔ انہوں نے کہاکہ آر جے ڈی کے سربراہ مسٹر یادو بھی عوام کی بہت اچھی تفریح کر رہے ہیں۔