حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع عادل آباد میں کپاس کی فصل پر اقل ترین امدادی قیمت نہ ملنے پرکسانوں نے زبردست احتجاج کیا اور مارکٹ یارڈ پر حملہ کردیا۔احتجاجی کسانوں نے الزام لگایا کہ مارکٹ یارڈ کے افسروں نے تاجرین سے مل کر سارش کی اور کپاس کی قیمت میں کمی کردی جس سے ان کو نقصان کا سامنا ہے اور ان کی فصل پر اقل ترین امدادی قیمت بھی نہیں مل پارہی ہے ۔اچانک ا س احتجاج سے صورتحال کشیدہ ہوگئی ۔اس احتجاج کے بعد وہاں پولیس پہنچ گئی ۔پولیس نے کسانوں کو سمجھانے کی کوشش کی۔برہم کسانوں نے کہا کہ کچھ دنوں سے عادل آبا د مارکٹ یارڈ میں کپاس کی فی کنٹل قیمت چارہزاردوسو مقرر کی گئی تھی تاہم کل اس کی قیمت میں فی کنٹل 150 روپئے کمی کردی گئی۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں پوچھے جانے پر مارکٹ یارڈ کے افسروں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ کسانوں نے الزام لگایا کہ سازش کے ذریعہ ان کی فصل کی قیمت کم کردی گئی۔بعد ازاں آر ڈی او سدھاکر نے احتجاجی کسانوں کے مسائل سے واقفیت حاصل کی اور کپاس فی کنٹل قیمت چار ہزار ایک سو مقرر کی جس کے بعد کسانوں نے یہ احتجاج ختم کیا۔