لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ ٹریڈ ٹیکس محکمہ کی ایس آئی بی انفورسمنٹ ٹیم نے منگل کو راجدھانی کے مشہوردستر خوان کے پانچ ریسٹورینٹ ٹھکانوں پر چھاپے مارے۔ ایس آئی بی ٹیم کا کہنا ہے کہ چھاپہ کی اس کارروائی میں تقریباً دس کروڑ روپئے کی بغیر ٹیکس ادا کی فروخت روشنی میں آئی۔ اطلاع کے مطابق ٹریڈ ٹیکس محکمہ کی خصوصی شاخ کی ٹیم کو کافی عرصہ سے یہ اطلاع مل رہی تھی کہ دستر خوان نان ویج ریسٹورینٹ شہر میں کئی مقامات پر چلائے جا رہے ہیں جہاں پر ٹیکس چوری کے پیش نظر روزانہ سیل کے بعد بنے کل بلوں میں سے تمام بلوں کو ضائع کر دیا جاتا ہے۔اس کے تحت ایس آئی بی ٹیم نے منگل کو دوپہر ایک بجے کے قریب دستر خوان کے حضرت گنج، گومتی نگر، وویک کھنڈ، اندرا نگر، بھوت ناتھ، لال باغ بی این روڈ اور گولہ گنج واقع نان ویج پوائنٹس پر ایک ساتھ چھاپہ مارا گیا۔ ایڈینشل کمشنر گریڈ-۲ ڈاکٹر بدھیش منی کے مطابق ٹیکس چوری کے ہی مد نظر مذکورہ ریسٹورینٹ کے مالک اور بی این روڈ اور گولہ گنج واقع اداروں سے ہی کھانے کا سارا آئٹم تیار کیاجاتا رہا اور یہیں سے دیگر مقامات کو بھیجا جاتا رہا۔ ان کے مطابق جب مذکورہ پانچ فرمیں الگ الگ طریقہ سے رجسٹرڈ ہیں تو اس کے حساب سے روزانہ ہونے والی سیل پر ٹیکس جمع کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھاپہ کی اس کارروائی میں پہلے نظر میں دس کروڑ روپئے کی بغیر ٹیکس ادا کئے فروخت روشنی میںآئی ہے۔ چھاپہ کی کاروائی میں ایس آئی بی کے علاوہ پانچ موبائل اسکوائڈ سمیت پچیس -تیس ٹریڈ ٹیکس افسر شامل تھے۔