اندور:فلم اداکار شاہ رخ خان کی طرف سے ملک میں مبینہ طور پر عدم رواداری کے سلسلے میں بیان کے بعد مدھیہ پردیش کے اندور میں بہت سے نوجوانوں نے ان کا پتلا نذر آتش کیا۔ نوجوانوں نے شاہ رخ کے خلاف جم کر نعرے بازی بھی کی۔ قبل ازیں کل بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ نے شاہ رخ کے خلاف سوشل میڈیا پر پوسٹ جاری کی تھی، جس کے کچھ ہی گھنٹوں بعد مسٹر وجے ورگیہ کے آبائی شہر اندور میں سینکڑوں کی تعداد میں جمع نوجوانوں نے شاہ رخ کا پتلا نذر آتش کیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نوجوانوں کو سمجھا بجھا کر پرسکون کیا۔ مشتعل نوجوان مسٹر وجے ورگیہ کے حامی بتائے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اداکار شاہ رخ نے دو نومبر کو اپنی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام کے دوران کہا تھا کہ ملک میں بہت زیادہ عدم رواداری بڑھ رہی ہے اور لوگ بغیر سوچے سمجھے کچھ بول رہے ہیں، جس پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کل مسٹر وجے ورگیہ نے سوالیہ لہجے میں لکھا تھا کہ آخر کیوں .. شاہ رخ کی طرح کچھ نام نہاد ٹھیکیداروں کو عدم رواداری کا احساس ممبئی بم دھماکے ، ہندستانی پارلیمنٹ پر حملہ، بنگلور بم دھماکے ، 26/11 وغیرہ کے وقت نہیں ہوا، آخر کیوں؟