نئی دہلی:ریزرو بینک کے گورنر رگھو رام راجن نے عدم برداشت پر دیئے گئے اپنے خطاب کا دفاع کرتے ہوئے آج کہا کہ کئی نسلوں اور مختلف ثقافتوں والے اس ملک میں کھلی بحث کے لئے جگہ ہونی چاہئے ۔مسٹر راجن نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی ہونے کے ساتھ ہی فریقین کو ایک دوسرے کی بات سننے کا صبر بھی ہونا چاہئے ۔مسٹر راجن نے کہا کہ ایسا ماحول بنانے کی ضرورت ہے جہاں اظہار رائے کی آزادی ہو۔ جمہوریت ہندستان کی سب سے بڑی طاقت ہے لیکن لوگوں کو بامعنی بحث کے لئے صبر سے ایک دوسرے کی بات سننے کے لئے تیار ہونا پڑے گا۔مسٹر راجن نے بلومبرگ چینل سے بات چیت کے دوران کہا کہ انہوں نے 31 اکتوبر کو آئی آئی ٹی دہلی میں اپنی تقریر میں عدم برداشت کے بارے میں بات کی تھی لیکن اس کا مقصد نئی نسل کو اظہار رائے کی آزادی کے ماحول کو برقرار رکھنے کی ضرورت کے بارے میں سمجھنا تھا۔