مرادآباد: اتر پردیش کے مراد آباد ریلوے اسٹیشن پر کل دیر رات کوئلے سے لدی ایک مال گاڑي بغیر ڈرائیور کے اچانک پیچھے کی جانب چلنے لگی اور اس کے آٹھ ڈبے پٹری سے اتر گئے ۔ جس کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدرفت میں ر خنہ پڑا۔ سرکاری ریلوے پولیس (جی آر پی) کے مطابق رات تقریباً پونے 11 بجے پنجاب کی جانب کوئلہ لے کر جارہی ایک مال گاڑي کا ڈرائیور آوٹر پر رو ک کرکہیں چلا گیا۔ ڈرائیور کے مال گاڑي سے اتر کر جانے کے بعد مال گاڑي اچانک پیچھے کی جانب چلنے لگی اور مرادآباد کے پانچ نمبر پلیٹ فارم پر اس کے آٹھ ڈبے پٹری سے اتر گئے جس کی وجہ سے ڈبوں میں لدا ہوا کوئلہ گرکر چاروں طرف پھیل گیا۔انہوں نے بتایا کہ پٹری سے اترے ڈبوں کی وجہ سے کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے لیکن ٹرینوں کی آمدرفت ضرور متاثر ہو ئی۔اطلاع کے مطابق پٹری سے اترے مال گاڑي کے ڈبوں کو ہٹانے کا کام ابھی جاری ہے ۔ واقع کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے ۔