نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ڈی ڈی اے کی میٹنگ میں اپنی پارٹی کے ممبر اسمبلی سوم ناتھ بھارتی کے خلاف لفٹننٹ گورنر کے مبینہ بیان پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔مسٹر کیجریوال نے ٹوئٹر پر غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کی زمین کسی سیاسی پارٹی کو دینے پر سوال اٹھانے والے ممبر اسمبلی کو لفٹننٹ گورنر کے ذریعہ ایف آئی آر کی دھمکی دینا کیا درست ہے ۔ لفٹننٹ گورنر کی صدارت میں کل ڈی ڈی اے کی یہاں میٹنگ ہوئی تھی جس میں بھارتی نے اسکول کی زمین بی جے پی کو دئے جانے پر لفٹنٹ گورنر کے رول پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ آخر وہ زمین بی جے پی کو دفتر بنانے کے لئے کیوں دی جارہی ہے ، جس پر دہلی حکومت اسکول بنانا چاہتی ہے ۔ اس معاملے پر دونوں میں تکرار ہوگیا ۔ مسٹر نجیب جنگ نے مسٹر بھارتی سے کہا کہ وہ میٹنگ کا وقار برقراررکھیں اور شور نہ مچائیں لیکن جب مسٹر بھارتی خاموش نہیں ہوئے تو مسٹربھارتی کے مطابق لفٹننٹ گورنر نے انہیں دھمکی دی کہ وہ ان کے خلاف ایف آئی آر درج کروادیں گے ۔
دریں اثنا لفٹننٹ گورنر کے دفتر نے اس الزام کی تردید کی ہے ۔