پٹنہ:انتخابی تجزیہ ( ایگزٹ پول ) سے تلملائے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الیکٹرانک میڈیا کو دھمکا کر اپنے حق میں گمراہ کن نتائج دکھانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی اورعظیم اتحاد 190 سیٹوں پر تاریخی جیت درج کرے گا۔مسٹر یادو نے آج یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ ان انتخابی تجزیہ سے وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ بے چین ہو گئے ہیں۔مسٹر مودی اور مسٹر شاہ الیکٹرانک میڈیا پر اپنے اثرو رسوخ سے اپنے حق میں انتخابی سروے عوام کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس الیکشن میں بی جے پی کی شکست طے ہے ۔ راشٹریہ جنتا دل کے صدر نے کہا کہ ای ٹی وی نیوز ۔ 24 چانکیہ کے انتخابی تجزیہ کو بی جے پی نے متاثر کر کے اپنے حق میں 243 سیٹوں میں سے 155 سیٹوں پر برتری دکھائی ہے اسی طرح دیگر ٹی وی چینلز نے بھی بی جے پی کے زیر اثر آکر غلط اعداد و شمار پیش کئے ہیں۔ انہوں نے ایک قومی ہندی روزانہ کے مالک کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کرانے کی بات کہی۔
راشٹریہ جنتا دل کے صدر نے کہا کہ تمام پانچ مرحلوں کے انتخابات میں مھاگٹھ بندھن کو سبقت حاصل ہے اور 190 سیٹوں پر تاریخی جیت درج کرکے نتیش کمار کی قیادت میں حکومت کا قیام عمل میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ مراکز پر ووٹروں کی جتنی طویل قطاریں دیکھی گئی تھی وہ مھاگٹھبدھن کے حق میں ہی تھیں۔ اس قطار کو دیکھ کر قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کی قیادت پہلے ہی گھبرا گئی ہے اور اس نے اپنی شکست قبول کر لی ہے ۔
مسٹر یادو نے کہا کہ اس الیکشن میں مسٹر مودی اور مسٹر شاہ بی جے پی کے رہنما کے طور پر کم اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے پرچارک کے طور پر زیادہ دیکھے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ووٹوں کی گنتی سے پہلے ہی دونوں لیڈر انتخابی کوما میں چلے گئے ہیں۔
راشٹریہ جنتا دل کے صدر نے کہا کہ بہار اسمبلی کے انتخابات کے نتائج کے سلسلے میں دہلی اور ممبئی کے سٹہ بازار میں کچھ لوگوں نے پیسے لگایا ہے لیکن ان سٹہ بازوں کو بھی اب یہ پتہ چل گیا کہ بہار میں مھاگٹھبدھن کی حکومت بنے گی۔ انہوں نے بتایا کہ این ڈی اے کے حق میں پیسہ لگانے والے لوگ بھی اب مایوس ہو گئے ہیں کیونکہ ان کا پیسہ ڈوب جائے گا۔