لکھنؤ:گولی لگنے سے شدید طور پر زخمی اترپردیش کی راجدھانی لکھنؤ کے عالیشان علاقے حضرت گنج سے متصل نرہی کے کونسلر اور سماج وادی پارٹی کے لیڈر اتل یادو عرف بنٹو کی آج ٹراما سنٹر میں موت ہوگئی۔
بنٹو یادو کو یکم نومبر کو ان کے گھر سے تھوڑی دورکچھ لوگوں نے گولی مار دی تھی۔ انہیں فوراً کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی کے ٹراما سنٹر لے جایا گیا۔ انہیں انتہائی نگہداشت والی یونٹ میں رکھا گیا تھا۔ گولی لگنے کے بعد سے ہی انہیں ہوش نہیں آیا تھا۔
گزشتہ اتوار کو بنٹو یادو کے گھر کے نزدیک رہنے والی ایک عورت کی موت ہوگئی تھی۔ وہ اس کی آخری رسومات میں شامل ہونے گئے تھے ۔جسد خاکی پر پھولوں کا ہار پیش کرکے وہ اٹھے ہی تھے کہ حملہ آور نے ان کی کنپٹی پر گولی مار دی۔ وہ وہیں گر گئے ۔کونسلر کی موت کے بعد علاقے میں سیکورٹی سخت کردی گئی ہے ۔ کونسلر کی موت کی وجہ سے نرہی میں بیشتر دکانیں بند ہیں۔