نئی دہلی:دہلی پولس کمشنر بی ایس بسی نے بتایا کہ خواتین کے ساتھ بدسلوکی اور چھیڑ خانی کے معاملوں میں پولس‘‘زیرو ٹالیرینس’’ کی پالیسی پر عمل پیراہے اور اس طرح کی شکایت پر فورا کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔
مسٹر بسی نے وزارت داخلہ کے ماتحت پارلیمانی مشاورتی کمیٹی کے سامنے دہلی پولس کی جانب سے دیئے گئے پریزنٹیشن میں یہ بات کہی اور خواتین کی سلامتی اور انسانی ٹریفکنگ کے خلاف پولس کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی تفصیلی جانکاری دی۔
انہوں نے بتایا کہ دہلی پولس نے خواتین کی سلامتی کے لئے ‘‘ہمت’ کے نام سے ایک موبائل ہیلپ سروس کے علاوہ سبھی تھانوں میں 24 گھنٹے کام کرنے والی ہیلپ ڈیسک سروس بھی چلارہی ہے ۔
مسٹر بسی نے کہا کہ ہیلپ ڈیسک پر خواتین کی جانب سے کئی گئی شکایت پر پولس کو فوراکارروائی کاحکم دیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ کال سینٹروں کو حکم دیاگیا ہے کہ وہ یہ یقین دہانی کرائیں کہ ان کے یہاں کام کرنے والی خواتین کو ڈرائیور کے ساتھ تنہا گھر نہیں بھیجا جائے گا اور ساتھ میں جانے والے حفاظتی گارڈ کی پوری جانچ کی جائے گی۔
مسٹر بسی نے کمیٹی کو خواتین کی سلامتی کے لئے راجدھانی میں کئے گئے کئی دیگر اقدامات کے بارے میں بھی تفصیل سے جانکاری دی اور کہا کہ دہلی پولس اس سلسلے میں پوری طرح بیدار ہے اور کسی طرح کی تساہلی برتنے والوں کے خلاف سختی سے نپٹے گی۔