۔(نامہ نگار)۔ ٹھاکر گنج علاقہ میں چل رہا ٹی بی ہاسپٹل اب ۲۰۰ بستروں کا اسپتال بن جائے گا حالانکہ اس کے باوجود یہاں ٹی بی کے مریضوں کیلئے ایک وارڈ ہوگا۔ یہ اشارہ آج وزیر صحت احمد حسن نے دیا۔ دوران معائنہ انہوں نے یہاں مریضوں کی تعداد جب امید کے مطابق نہیں پائی تو انہوں نے اس بات کا اشارہ دیا کہ اب اس اسپتال میں عام امراض کا علاج بھی شروع کر دیا جائے تاکہ علاقائی لوگوں کو نزدیک ہی علاج مل سکے۔
اسپتال کے افسران نے بتایا کہ مریضوں کی تعداد اس وجہ سے کم ہے کیونکہ زیادہ تر مریضوں کو ڈاٹس کی دوائیں گھر پر ہی دستیاب کرا دی جاتی ہیں۔ مریضوں کی کم تعداد دیکھ کر وزیر صحت احمد حسن نے افسران سے اسپتال میں تبدیلی لانے کی بات کہی۔ انہوں نے اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال میں ۲۰۰ بستروں کا ایک جنرل اسپتال بنایا جائے اور جہاںہر طرح کی بیماریوں کا علاج مہیا کرایا جائے۔ وزیر صحت احمد حسن نے معائنہ پر گئے ڈی جی کنبہ بہبود ڈاکٹر بلجیت سنگھ اروڑا کو ہدایت دی کہ منصوبہ کو جلد مکمل کرنے کیلئے تجویز تیار کی جائے۔ مسٹراحمد حسن نے کہا کہ جب اسپتال میں دیگر بیماریوں کا علاج کیا جائے گا تب ٹی بی کیلئے ایک وارڈ الگ سے بنا دیا جائے گا جہاں ٹی بی کے مریضوں کیلئے ایک وارڈ بنا یا جائے گا جہاں ان کو بھرتی کیا جا سکے گا۔
وزیر صحت نے کہا کہ جگہ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ مسٹر حسن نے کہا کہ اس مقام کو استعمال میں لایا جائے گا تاکہ پرانے لکھنؤ کے لوگوں کو نزدیک میں علاج ملے اور کے جی ایم یو و بلرامپور اسپتال پر بڑھ رہے دباؤ کو کم کیا جا سکے۔