نئی دہلی:سابق مرکزی وزیراور بی جے پی کے سینئر لیڈر ارون شوری نے بہار اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی کراری ہار کے لئے وزیراعظم نریندر مودی، پارٹی صدر امیت شاہ اور مرکزی وزیر مالیات ارون جیٹلی کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے ۔
مسٹر شوری نے کہا کہ اب پارٹی کے اندر قیادت کے خلاف ‘‘خاموش تحریک عدم تعاون’’ چلے گی۔ انہوں نے بی جے پی قیادت پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پچھلے دعووں کو پورا نہ ہونے کی وجہ سے مودی مرکوز مہم سے اعتماد میں کمی آئی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ شکست کے لئے لوگوں کو تقسیم کرنے والے اقدام بھی ذمہ دار ہیں۔
یہ پوچھے جانے پر کہ بہار میں چناؤ پرچار میں کیا غلط ہوا ،مسٹر شوری نے کہا ‘‘سب کچھ’’۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا چناؤ پرچار کے دوران مسٹر مودی نے کہا تھا کہ غیر ممالک سے کالا دھن واپس لاکر سبھی لوگوں میں 15 ، 15 لاکھ روپے بانٹے جائیں گے لیکن جب وہ اقتدار میں آئے تو سب کچھ بھول گئے ۔
مسٹر شاہ نے یہ کہہ کر پارٹی کے اعتبار کو گھٹادیا کہ یہ سبھی وعدے انتخابی جملے ہوتے ہیں۔