بنگلور:کرناٹک میں ٹیپوسلطان کی جینتی تقاریب کے خلاف نکالے گئے جلوس کے دوران مبینہ طور پر پتھر بازی کے واقعہ میں زخمی وی ایچ پی لیڈر ہلاک ہوگیا اور 30سے زائد کارکن زخمی ہوگئے ۔
یہ واقعہ بنگلور سے تقریبا 250کیلو میٹر کی دوری پر واقعہ میدکری علاقہ میں ٹیپوسلطان کی جینتی تقاریب کے خلاف وی ایچ پی کی جانب سے نکالے گئے مارچ کے دوران پیش آیا۔
وی ایچ پی سمیت بیشتر دیگر تنظیموں کی جانب سے سرکاری طورپر حکومت کی جانب سے ٹیپوسلطان کی یوم پیدائش تقاریب منانے کی مخالفت کی گئی ۔ اس تقریب کے خلاف وی ایچ پی کی جانب سے جلوس نکالا گیا ۔
مقامی رپورٹوں کے مطابق جلوس کے دوران اشرار کی جانب سے مبینہ طور پر پتھربازی کی گئی جس کے بعد یہ تشدد پھوٹ پڑا۔پولیس کو صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے اضافی فورسز کو تعینات کرنا پڑا۔
اس واقعہ میں شدید طور پر زخمی وی ایچ پی کا 50سالہ آرگنائزنگ سکریٹری کٹپاکی اسپتال میں موت ہوگئی ۔پولیس ذرائع نے یہ بات بتائی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ اس واقعہ کے بعد تقریبا 20دکانوں اور 20مکانوں پر حملہ کیا گیا۔دکانوں کو لوٹ لیا بھی گیا۔ دوسری طرف کرناٹک میں حزب اختلاف جماعت بی جے پی نے سرکاری طور پر ٹیپوسلطان کی تقریب یوم پیدائش کے بائیکاٹ کااعلان کیا ہے ۔
بی جے پی کا الزام ہے کہ ٹیپو سلطان مذہبی طور پرہٹ دھرم بادشاہ تھے ۔بی جے پی کی ریاستی یونٹ نے ٹیپوسلطان کی یوم پیدائش تقریب کا مکمل بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
پارٹی کاکہناہے کہ کسی بھی سطح پر کوئی عوامی نمائندہ کو سرکاری تقریب میں حصہ نہیں لینا چاہئے ۔