رتلام: مدھیہ پردیش کے رتلام لوک سبھا ضمنی انتخابات کے لئے آج ہو رہی پولنگ کے دوران شہر کے ایک علاقے کے رائے دہندگان نے اس کا مکمل طور بائیکاٹ کر دیا ہے ۔
رتلام شہر کے ڈوسی گاوں علاقے کے ووٹروں نے پولنگ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے ۔ گاوں والے اپنے مقامی مسائل، پینے کے صاف پانی اور سڑکوں کی خراب حالت کو بہتر بنانے کے مطالبہ پر ووٹ ڈال نہیں رہے ہیں۔ مدھیہ پردیش فائننس کمیشن کے چیرمین اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما ہمت کوٹھاری گاوں والوں کو سمجھانے میں مصروف ہیں۔ اس پولنگ مرکز پر اب تک کل آٹھ ووٹ ڈالے جانے کی اطلاع ہے وہ بھی سرکاری ملازمین کی طرف سے ڈالے جانے کی خبر ہے ۔ پولنگ کے بائیکاٹ کی اطلاع ملنے پر اعلی افسران بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
دوسری طرف رتلام شہر میں جہاں ووٹنگ کی رفتار انتہائی سست ہے ، وہیں رتلام دیہی میں بڑے پیمانہ پر ووٹ ڈالنے کی خبریں ہیں۔ سرکاری اطلاع کے مطابق، رتلام شہر میں صبح نو بجے تک صرف 8.05 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے جبکہ رتلام دیہی میں 22 فیصد پولنگ ہوئی ہے ۔ سیلانا اسمبلی حلقہ میں 10 فیصد پولنگ ہوئی ہے ۔
رتلام میں بی جے پی کے رہنما دلیپ سنگھ بھوریا کے انتقال کی وجہ سے ضمنی الیکشن ہو رہا ہے جس کے نتائج 24 کو آئیں گے ۔