نواک جوکووچ اے ٹی پی ورلڈ ٹوورز کی 46 سالہ تاریخ میں مسلسل چوتھی مرتبہ یہ ٹائٹل جیتنے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں
سربیا سے تعلق رکھنے والے عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ نے اے ٹی پی ورلڈ ٹوورز کے فائنل میں راجرفیڈرر کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
اتوار کو لندن میں کھیلے گئے فائنل میں جوکووچ نے راجر فیڈرر کو3-6، 4-6 سے شکست دی۔
اس ٹورنامنٹ کے ابتدائی راؤنڈ میں جوکووچ کو فیڈرر کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم فائنل میچ میں وہ کھیل پر حاوی رہے اور اپنے اعزاز کا دفاع کیا۔
اس طرح نواک جوکووچ اے ٹی پی ورلڈ ٹوورز کی 46 سالہ تاریخ میں مسلسل چوتھی مرتبہ یہ ٹائٹل جیتنے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔
28 سالہ سربین کھلاڑی نے ٹرافی اٹھانے کے بعد تسلیم کیا کہ بعض اوقات وہ خود کو یہ احساس دلانے کے لیے جھنجھوڑتے ہیں کہ وہ واقعی ٹورنامنٹس جیت رہے ہیں جس کا انھوں نے بچپن میں خواب دیکھا تھا۔
خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ’میں کورٹ میں ہر لمحے سے لطف اندوز ہوتا ہوں، بلاشبہ اس سیزن میں جو کامیابیاں ہم نے حاصل کی ہیں ان پر میں اپنی ٹیم کے ہمراہ فخر محسوس کرتا ہوں۔‘
’اس سے بہتر اختتام نہیں ہوسکتا تھا۔ یہ ایک لمبا سیزن تھا لیکن یہ میری زندگی کا بہترین سیزن تھا۔‘
راجر فیڈرر نے سال 2015 میں جوکووچ کے بہترین کھیل پر خراج تحسین پیش کیا
دوسری جانب ساتویں بار اے ٹی پی ٹوورز اور اپنے 17 ویں گرینڈ سلام سے محروم ہونے والے کھلاڑی راجر فیڈرر نے سال 2015 میں جوکووچ کے بہترین کھیل پر خراج تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’فاتح یاب نہ ہونا کبھی بھی خوشی کا باعث نہیں ہوتا، لیکن یہ بہتر ہے کہ ایسا کھیل سارا سال نہیں رہا۔ ‘
ان کا کہنا تھا کہ جوکووچ نے فائنل میں نہایت عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور وہ اس سال بہترین کھیل پر انھیں مبارک باد پیش کرتے ہیں۔