نئی د ہلی، 4 جنوری (یو این آئی)پانچ خوابگاہوں والا سرکاری مکان الاٹ ہونے پر کئی جانب سے نکتہ چینی ہونے کے بعد دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے آج کہا ہے کہ وہ نئے دو منزلہ مکان (ڈوپلے) میں منتقل نہیں ہونگے۔ انہوں نے دہلی حکومت سے کہا ہے کہ ان کے لئے ایک چھوٹا گھر تلاش کیا جائے۔مسٹر کیجریوال نے یہاں اخباری نمائندوں کو بتایا “دہلی حکومت نے مجھے جو دو مکان الاٹ کئے تھے اس سے میرے عام حامی خوش نہیں ہیں۔ کل سے ہی میرے دوستوں اور حامیوں کے فون آرہے ہیں وہ یہ کہہ رہے ہیں کہ مجھے 5 بیڈروم والے گھر میں نہیں رہنا چاہئے۔ میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ میری کوئی حقیقت نہیں ہے میں عوام کی خدمت کرنا چاہتا ہوں ان کی مرضی کے مطابق میں یہ مکان چھوڑ رہا ہوں اور دہلی حکومت سے کہوں گا کہ مجھے چھوٹا مکان دیا جائے۔ تب تک میں اپنے غازی آباد کے گھر سے ہی کام کرتا رہوں گا۔مسٹر کیجریوال کو بھگوان داس روڈ پر 5۔5 کمروں والے دو فلیٹ الاٹ کئے گئے تھے۔ مگر اس پر بی جے پی نے نکتہ چینی کی تھی جس نے کہا ہے کہ اتنے بڑے بڑے دو فلیٹ لینے سے ان کی سادگی اور کفایت شعاری کے دعوے کی قلعی کھل گئی ہے۔