نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (آپ) کے سابق رہنما اور سوراج ابھیان سے وابستہ پرشانت بھوشن نے دہلی حکومت کے جن لوک پال بل کو ‘جوکپال’ قرار دیتے ہوئے وزیر اعلی اروند کجریوال کے استعفی کامطالبہ کیا ہے ۔
مسٹر بھوشن نے کہا کہ انہیں دہلی لوک پال بل کو دیکھ کر حیرانی ہوئی. اس کا مسودہ اس جن لوک پال بل سے مختلف ہے جس کا مسودہ سماجی کارکن انا ہزارے کی قیادت میں بدعنوانی کے تحریک کے دوران تیار کیا گیا تھا۔
انہوں نے ٹویٹ کرکے کہا “دہلی لوک پال بل ان تمام اصولوں کو ختم کرتا ہے جس کا مسودہ ہم نے تیار کیا تھا جیسے تقرری اور عہدے سے ہٹانا حکومت کے دائرہ اختیار سے باہر ہو’’َ۔
سینئر وکیل اور لوک پال بل کا مسودہ تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرنے والے مسٹر بھوشن نے کہا کہ دہلی حکومت کے بل میں لوک پال کو بنانے اور ہٹانے کے تمام اختیارات حکومت کے پاس ہیں۔ ایسے میں لوک پال صرف ایک جوکپال بن کر رہ جائے گا۔
مسٹر بھوشن نے کہا کہ مسٹر کیجریوال نے ملک کے ساتھ اور دہلی کے عوام کے ساتھ جتنا بڑا دھوکہ کیا ہے اتنا بڑا دھوکہ کسی نے نہیں کیا تھا۔
دوسری طرا ان کے والد اور ‘‘آپ’’ کے بانی لیڈر شانتی بھوشن نے کہا کہ اس بل کاصحیح نام ہوگا اروند حکومت کے وزیروں کی بدعنوانیوں کو چھپانے والا بل۔
دریں اثناء ‘‘ آپ’’ کے لیڈر کمار وشواس نے مسٹر بھوشن کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ٹویٹ کیا، “ہم مکمل طور اس لوک پال کے لئے وقف ہیں جس کا خاکہ رام لیلا میدان میں تیار کیا گیا تھا۔اس میں ایک کوما یا فل سٹاپ بھی نہیں تبدیل کیا گیا ہے ۔ اگر اس میں اصلاح کی کوئی گنجائش ہے تو دہلی اسمبلی میں منتخب نمائندے اس پر تفصیلی بات چیت کریں گے ۔”
خیال رہے کہ کیجریوال کابینہ نے حال ہی میں لوک پال بل کو منظوری دی ہے ، جسے پیر کے روز اسمبلی میں پیش کئے جانے کی توقع ہے ۔