نئی دہلی:سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے مزدوروں سے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کی سماجی، اقتصادی پالیسیوں کا حقائق پر مبنی جائزہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ صنعتی مسائل کا حل بات چیت سے تلاش کرنے پر زو ر دیا۔
مسٹر سنگھ نے آج یہاں مزدوروں کی تنظیم انڈین نیشنل ٹریڈ یونین کانگریس(آئی این ٹی یو سی) کے 31ویں سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ این ڈی اے حکومت کی اقتصادی اور سماجی پالیسیوں اور ان کے نفاذ و اثرات کا مزدوروں کی فلاح وبہبود کے سلسلہ میں حقائق پر مبنی جائزہ لیاجانا چاہئے ۔
انہوں نے کہاکہ مزدوروں کی تنظیموں کی گزشتہ دو ستمبر کی ملک گیر ہڑتال سے این ڈی حکومت کی مزدور مخالف اور بغیر سوچے سمجھے بنائی گئی اقتصادی پالیسیوں پر مزدوروں کا عدم اطمینان فطری طورپر ظاہر ہوا ہے لیکن اس عدم اطیمنان کودور کرنے کیلئے صنعتی کشیدگی، ہڑتال اور تالا بندی بہت صحیح طریقے نہیں ہیں۔
ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ہمیں صنعتی مسائل کو پرامن طریقہ سے بات چیت کے ذریعہ حل کرنے کے لئے مزدوروں ، صنعتوں اور حکومت کو مل کر سہ طرفہ نظام میں امکانات تلاش کرنے چاہئیں۔