بریلی: مغربی اترپردیش کے میدانی علاقوں میں سرد ہوا ئیں چلنے سے بریلی اور آس پاس کے علاقو ں میں ٹھنڈ بڑھ گئی ہے ۔اتراکھنڈ کی بالائی پہاڑیوں میں ہونے والی برفباری سے علاقہ کے درجہ حرارت میں کافی کمی آئی ہے ۔ سردی میں اضافہ کے سبب لوگوں نے گرم کپڑے اور رضائی وغیرہ نکال لی ہیں۔گھنے کہرے کے سبب ٹرین اور بسوں کی رفتار پر بریک لگ گیا ہے ۔ لکھنؤ ۔سہارنپور پسنجر منگل کو منسوخ رہی۔ پنجاب میل، باگھ ایکسپریس، جن سیوا ایکسپریس، اودھ۔آسام ایکسپریس سمیت کئی ٹرینیں گھنٹوں کی تاخیر سے پہنچیں۔ٹرینوں کی تاخیر کے سبب مسافروں کو سردی میں گھنٹوں انتظار کرنا پڑا۔ ٹھنڈ کے سبب لوگ شام سے گھروں میں گھسنے پرمجبور ہیں۔اس درمیان محکمہ موسمیات کے ذرائع نے آج بتایا کہ گزشتہ 24گھنٹوں میں بریلی میں کم از کم درجہ حرارت 13.3ڈگری سیلسیس درج کیا گیا جو معمول سے دو ڈگری کم تھا۔ علاقہ میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں موسم عام طورپر خشک رہنے اور صبح میں دھندکی پیشن گوئی کی گئی ہے ۔