لکھنؤ: اہانت رسول کے خلاف ہندو مہاسبھا کے کارگذار صدر کملیش تیواری کے خلاف کارروائی کے مطالبہ پر زور دینے نے کے لئے اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کے ٹھاکر گنج علاقے میں کل جلوس نکالنے والوں کے خلاف پولیس نے مبینہ طور پر بلااجازت جلوس نکالنے کے الزام میں چند افرا د کو نامز د کرتے ہوئے پانچ سو سے زائد نامعلوم افراد کے خلاف معاملہ درج کیا ہے ۔
پولیس کے ایک افسر نے آج یہاں بتایا کہ اہانت رسول کے خلاف کل لکھنؤ شہر کے پرانے علاقے میں بڑی تعدا د میں لوگوں نے مظاہرہ کیا تھا۔ حالانکہ مظاہرہ کو سمجھا بجھا کر پرسکون کردیا گیا تھا لیکن بعض لوگوں نے پتھراو کرکے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی۔ اس واقعہ میں کچھ لوگ زخمی بھی ہوگئے ۔
انہوں نے بتایا کہ کل دیر رات اس معاملے میں 21 نامزد اور تقریباًً500نامعلوم افراد کے خلاف ٹھاکر گنج تھانے میں معاملہ درج کردیا گیا ہے ۔
خیال رہے کہ اس جلوس کا اہتمام آ ل انڈیا محمدی مشن نے کیا تھا۔
واضح رہے کہ کملیش تیواری کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ روز برورز زور پکڑتا جارہا ہے ۔ بعض افرادکملیش تیواری کو پھانسی دینے کا بھی مطالبہ کررہے ہیں۔ وہ اس وقت این ایس اے کے تحت جیل میں ہے ۔