نئی دہلی: دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے راجدھانی میں کرسمس اور سال نو کے موقع پر دہشت گردانہ حملے کے ارادہ سے آئے دو مشتبہ دہشت گردوں کو آج گرفتار کرلیا ہے ۔پولیس نے یہ گرفتاری خفیہ بیورو(آئی بی) سے موصولہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پرکی ہے ۔ یہ دونوں مشتبہ دہشت گرد اترپردیش کے سنبھل کے رہنے والے ہیں جن میں سے ایک آصف القاعدہ کی ہندستان میں آپریشنل اکائی کا سرغنہ ہے ۔ 2014 میں القاعدہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ ہندستان میں بھی اپنی شاخ کھولنے والا ہے ۔ اسی مہم کے تحت آصف ہندستان میں اپنی دہشت گردانہ تنظیم میں نوجوانوں کو بھرتی کرنے کے کام میں مصروف تھا۔پولیس دونوں سے پوچھ گچھ کر رہی ہے ۔ اب تک موصولہ اطلاع کے مطابق یہ دونوں پاکستان کے راستہ افغانستان گئے تھے اور وہاں القاعدہ کے تربیتی کیمپ میں انہوں نے تربیت حاصل کی تھی۔ پولیس ان سے مزید اطلاعات حاصل کرنے کیلئے پوچھ گچھ کر رہی ہے ۔