نئی دہلی:اپنی بہترین اداکاری سے فلمی ناظرین کے دل موہ لینے والے بالی وڈ اداکار اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پریش راول نے آج لوک سبھا میں جب ملک میں بے تحاشہ کھل رہے پرائیویٹ کوچنگ سینٹر کا مسئلہ اپنے منفرد انداز میں اٹھایا تو اراکین اپنی ہنسی نہیں روک پائے ۔
مسٹر راول نے وقفہ صفر کے دوران کہا کہ جس رفتار سے ملک میں پرائیویٹ کوچنگ سینٹر کھولے جا رہے ہیں اور ان کے تئیں والدین کا رجحان بڑھ رہا ہے ، وہ تشویشناک ہے ۔ انہوں نے اپنے منفرد انداز میں کہا کہ ان پرائیویٹ اداروں سے ملک کا تعلیمی نظام اس طرح چوپٹ ہو رہا ہے کہ اسے ‘خدا’ کیا ‘رجنی کانت’ بھی نہیں جانتے ہوں گے ۔ اس پر ایوان میں زوردار قہقہے گونجے ۔انہوں نے کہا کہ کوچنگ کلاسوں میں وہی استاد ہیں جو سرکاری اسکولوں میں ہوتے ہیں۔ انہوں نے ان کوچنگ اداروں اورسوالات کا پرچہ بنانے والوں کے درمیان ملی بھگت ہونے کا الزام بھی لگایا۔ مسٹر راول نے کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کھولنے سے متعلق حکومت کو دستور العمل طے کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں یہ سب ‘تعلیمی دہشت گردی’ کے طور پر قائم ہو چکا ہے ، کیونکہ جس طرح حکومت کو یہ پتہ نہیں کہ ملک میں کتنے دہشت گرد ہیں، ویسے ہی اسے یہ بھی پتہ نہیں کہ ایسے کوچنگ سنٹروں کی تعداد کتنی ہے ؟ اس بات پر ایک بار پھر ایوان میں قہقہے گونج اٹھے ۔مسٹر راول یہیں نہیں رکے انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت اب بھی نہیں بیدار ہوئی تو ملک کی ‘ایجوکیشن کی ہارڈ ڈسک’ کرپٹ ہو جائے گی۔
اس پر بھی ا راکین اپنی ہنسی نہیں روک سکے ۔